ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / لاکھوں افغانوں کی مدد کیلئے 55کروڑ ڈالر کی اپیل

لاکھوں افغانوں کی مدد کیلئے 55کروڑ ڈالر کی اپیل

Sun, 22 Jan 2017 18:02:12  SO Admin   S.O. News Service

اسلام آباد ،22جنوری(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)اقوام متحدہ نے ہفتے کے روز کہا ہے کہ اسے انسانی ہمدردی کی بنیاد لاکھوں بے یارومددگار افغانوں کی مدد کیلئے 2017میں 55کروڑ ڈاالر کی ضرورت ہے۔اپیل میں کہا گیا ہے لڑائیوں اور قدرتی آفات سے متاثرہ اور دوسرے ملکوں سے وطن واپس آنے والے لاکھوں افغان باشندے امداد کے منتظر ہیں۔اقوام متحدہ کے انسانی ہمدردی کی امداد کے کوآرڈی نیٹر مارک بروڈن نے اٖٖفغان دارالحکومت کابل میں اپنی اپیل میں کہا کہ ایک اندازے کے مطابق 57لاکھ افغان باشندے انتہائی کسمپرسی میں اپنی زندگی گذار رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایک اندازے کے مطابق پچھلے سال دس لاکھ افغان پناہ گزین ہمسایہ ممالک پاکستان اور ایران سے وطن واپس آئے، جب کہ 6لاکھ سے زیادہ لوگوں کو لڑائیوں اور انتہاپسندوں کے حملوں کی وجہ سے اپنے گھر بار چھوڑنے پڑے۔

اقوام متحدہ کے عہدے دار کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں اتنی بڑی تعداد میں بے گھر ہونے والوں کی شام کے علاوہ اور کوئی مثال موجود نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ لوگوں کی نقل مکانی نے بڑے پیمانے پر ان کی امدادی ضرورتوں میں اضافہ کیا ہے ، ہمیں یہ چیز نظر انداز نہیں کرنی چاہیے کہ لڑائیوں سے سب سے زیادہ عام شہری ہی متاثر ہوئے ہیں جن میں عورتوں اور بچوں کی ایک بڑی تعداد ہے اور کمزور ہونے کے ناطے انہیں سب سے زیادہ خطرات کا سامنا ہے۔اقوام متحدہ کے عہدے دار بروڈن کا کہنا تھا کہ اندازا 93لاکھ افراد کو، جو افغانستان کی کل آبادی کا ایک تہائی ہیں، سن 2017میں انسانی ہمدردی کی امداد درکار ہوگی۔ یہ تعداد ایک برس پہلے کے مقابلے میں 13فی صد زیادہ ہے۔انسانی ہمدردی کی مدد کے لیے کام کرنے والے اقوام متحدہ کے ادارے نے کہا ہے کہ غربت اور بڑے پیمانے پر جاری تشدد نے افغانستان کے لوگوں کے لیے صحت کی بنیادی سہولتوں تک رسائی مشکل بنا دی ہے۔ تقریباً 40فی صد آبادی صحت کی دیکھ بھال کے قومی پروگرام سے محروم ہے اور لگ بھگ دس لاکھ بچے شدید غذائی قلت کا شکار ہیں۔


Share: